ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شیواجی نگر میں رسل مارکیٹ اور آس پاس بی بی ایم پی کی انہدامی مہم

شیواجی نگر میں رسل مارکیٹ اور آس پاس بی بی ایم پی کی انہدامی مہم

Sun, 05 May 2019 12:02:57    S.O. News Service

بنگلورو،5؍مئی(ایس او نیوز) شہر کے قلب میں آنے والے شیواجی نگر کے رسل مارکیٹ اور آس پاس کے علاقوں میں سڑکوں پر غیر قانونی طریقے سے قبضوں کو ہٹانے کے لئے آج برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے بڑے پیمانے پر انہدامی مہم چلائی گئی۔ گزشتہ ماہ سٹی مارکیٹ میں چلائی گئی مہم کے مانند آج شیواجی نگر میں بھی جابجا دکانوں کی باہری چھاؤنیوں اور عارضی چھتوں کے علاوہ دکانوں کے باہر بنائے گئے عارضی ڈھانچوں کو منہدم کردیا گیا۔ بتایاجاتاہے کہ شیواجی نگر علاقے کو پاک وصاف رکھنے کے لئے ریاستی ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے آج یہ انہدامی مہم چلائی گئی۔ رسل مارکیٹ کے علاوہ بی بی ایم پی کی چھ ٹیموں نے شیواجی روڈ، اوپی ایچ روڈ، جمعہ مسجد روڈ، بیف مارکیٹ، بوٹی مارکیٹ ، اسٹیفن اسکوائر اور آس پاس کے علاقوں میں پولیس کی مدد سے یہ انہدامی مہم چلائی ، شیواجی نگر کا چوک جو عموماً کاروں ، ٹو وہیلروں اور آٹو رکشاؤں سے بھرا رہتا تھا آج یہ بلڈوزروں کی پارکنگ میں تبدیل ہوچکا تھا۔ انہدامی مہم کے ابتدائی مرحلے میں چند لوگوں مزاحمت کی ، جب بی بی ایم پی افسروں نے بتایا کہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر یہ انہدامی مہم چلائی جارہی ہے ، اگر کسی کو کوئی اعتراض ہوتو وہ عدالت سے رجوع ہوں۔ دکانداروں نے رضاکارانہ طور پر غیر قانونی ڈھانچوں کو ہٹانے کا موقع دیا جبکہ بہت ساروں نے اپنے طور پر اپنی دکانوں کے باہر لگائی گئی عارضی چھاؤنی کو ہٹادیا۔رسل مارکیٹ کی تاجر اسوسی ایشن کے صدر محمد ادریس چودھری نے بتایاکہ کے آر مارکیٹ رسل مارکیٹ کے مقابل کافی بڑا مارکیٹ ہے، رسل مارکیٹ میں ایسے تاجر اپنی گزر بسر کے لئے تجارت میں لگے ہوئے ہیں جو غریب اور متوسط طبقوں سے آتے ہیں انہدامی مہم کی وجہ سے ان تاجروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، کئی چیزوں کو اس مہم سے نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے بتایاکہ رسل مارکیٹ میں جملہ 475 دکانیں ہیں ، ہائی کورٹ کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کا جو حکم دیا گیا ہے اس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں لیکن انہدامی اس قدر بڑے پیمانے پر چلانے سے قبل دکانداروں کو مہلت دینی چاہئے تھی، اگر مہلت دی جاتی تو دکاندار از خود غیر قانونی قبضوں سے ہٹ جاتے۔انہدامی مہم کی وجہ سے اب نہ صرف ان کی دکانوں کو نقصان پہنچا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں ان کی تجارت کو بھی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس انہدامی کے باوجود بھی بہت سارے دکانداروں نے رضاکارانہ طور پر غیر قانونی تعمیرات خود ہٹا دی ہیں۔ اور پولیس کو اس مہم میں کافی تعاون ملا ہے۔ انہدامی مہم کے متعلق بی بی ایم پی کے اسپیشل کمشنر مارکیٹنگ ڈویژن رویندرا نے بتایاکہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق جس طرح گزشتہ ماہ کے آر مارکیٹ میں انہدامی مہم چلائی گئی اسی طرز پر آج رسل مارکیٹ میں یہ مہم چلائی گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں شہر کے دیگر مارکیٹوں کی طرف بی بی ایم پی رخ کرے گی، ان میں اگلا مارکیٹ مڑیوال کا ہوگا۔ 
 


Share: